مصر، ایک فوڈ کمپنی لینا فارمز کے کارکن کھجوروں کی پیکنگ میں مصروف ہیں-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)ساتویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) کا انعقاد جوں جوں قریب آرہا ہے، شرکت کے خواہشمند مصری کاروباری ادارے چین کی وسیع منڈی میں مواقع تلاش کرنے کی امید لئے بھرپور تیاری کررہے ہیں۔
5سے 10 نومبر تک شنگھائی میں ہونے والی اس نمائش میں حصہ لینے والی مصری کمپنیوں میں لینا فارمز بھی شامل ہے، جو مصر اور مشرق وسطیٰ میں مجھول کھجوروں کی پیداوار کے لئے مشہور ہے۔ کمپنی نے پہلے ہی چین کو اعلیٰ معیار کی کھجوروں کی ترسیل شروع کردی ہے اور پچھلے سال 150 ٹن سے زیادہ کھجور برآمد کی۔ کمپنی اس وسیع ایشیائی منڈی میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کی خواہش مند ہے۔
لینا فارمز کے ایکسپورٹ منیجر احمد عبدالہادی نے کہا کہ چینی منڈی میں روز بروز طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور امید ہے کہ ہم نمائش سے کچھ اضافی سودے لے کر واپس آسکتے ہیں۔
ساتویں سی آئی آئی ای میں شرکت کرنے والی ایک اور مصری کمپنی مصر سوئس گروپ ہے، جو بنیادی طور پر چین کو گندم کا آٹا برآمد کرتی ہے اور وہ پاستا اور ٹماٹر کا پیسٹ بھی برآمد کرنے کی خواہاں ہے۔
کمپنی کے جنرل منیجر احمد السبائی کے مطابق کمپنی ماہانہ تقریباً 45 ہزار ٹن گندم کا آٹا، 8 ہزار ٹن پاستا اور 3 ہزار ٹن ٹماٹر کا پیسٹ تیار کرتی ہے۔
احمد السبائی نے شِنہوا کو بتایا کہ ان کی کمپنی سی آئی آئی ای میں برآمد کنندہ اور درآمد کنندہ دونوں حیثیت سے شرکت کرے گی۔ ہم اپنی مصنوعات برآمد کرنا چاہتے ہیں اور اس کے ساتھ ہم کچھ مصنوعات یا خام مال درآمد کرنے کے لئے ایک قابل اعتماد اور اچھا شراکت دار بھی تلاش کرسکتے ہیں۔
