وفاقی حکومت کو حج کے خواہشمند کم آمدنی والے افراد کی سہولت کے پیش نظر حج اخراجات قسطوں میں وصول کرنے کی تجویز پیش کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے وفاقی حکومت کو حج کے خواہشمند کم آمدنی و متوسط طبقے کے شہریوں سے حج اخراجات قسطوں میں لینے کی تجویز پیش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حج پر جانے والے افراد سے اخراجات کی اقساط میں وصولی کی تجویز حج پالیسی میں شامل ہے۔ذرائع کے مطابق عازمین حج کو 11لاکھ روپے تین اقساط میں ادا کرنے کی سہولت ہوگی،
ادائیگی کے مجوزہ ڈھانچے کے تحت ممکنہ عازمین کو حج کیلئے درخواست دینے کیلئے ابتدائی طور پر دو لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے، قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد انہیں 4لاکھ روپے اضافی ادا کریں گے، باقی رقم روانگی سے قبل ادا کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تجویز وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے جس میں کابینہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
