چین۔ امریکہ مالیاتی ورکنگ گروپ کے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ اجلاس میں مالیاتی پالیسیوں اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین-امریکہ مالیاتی ورکنگ گروپ کا چھٹا اجلاس امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہوا۔
چین کے مرکزی بینک کے مطابق پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی) کے ڈپٹی گورنر ژوان چانگ نینگ اور امریکی محکمہ خزانہ میں بین الاقوامی مالیات کے معاون وزیر برینٹ نیمن نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
پی بی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے دونوں ممالک کی میکرو اکنامک اور مالیاتی صورتحال، مالیاتی پالیسیوں، مالیاتی استحکام اور ضوابط، سرمائے کی منڈی، انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف مالیاتی امور پر واضح اور تعمیری بات چیت کی۔
چینی وفد نے امریکی وفد کو مستحکم معاشی نمو کی حمایت کے لئے چینی مالیاتی اداروں کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ چینی وفد نے بعض امور پر امریکہ کے سامنے تشویش کا اظہار بھی کیا۔
پی بی او سی کے بیان کے مطابق فریقین نے سرحد پار مالیاتی خدمات کی نگرانی میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیرخزانہ جینٹ ییلن نے بھی چینی وفد سے ملاقات کی۔
