چین کے شمالی شہرتھیانجن میں گولڈن سٹریٹ کے تجارتی علاقے میں سٹار بکس کا اندرونی منظر۔(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)سٹاربکس نے 29 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال میں چینی مین لینڈ پر 790 نئے سٹور کھولنے اور 166 کاؤنٹیوں کی نئی منڈیوں میں کاروبار کا آغاز کرکے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔
سٹاربکس کی سالانہ مالیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں سٹار بکس کے عالمی سٹورز کی فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 7 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ تقابلی لین دین میں 8 فیصد کی کمی ہے۔ چینی مارکیٹ میں کمپنی کے سٹورز کی فروخت میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی جس کی وجہ اوسط ٹکٹ میں 8 فیصد کمی اور تقابلی لین دین میں 6 فیصد کمی ہے۔
سٹورز کی فروخت میں کمی کے باوجود امریکی کافی کمپنی نے چوتھی سہ ماہی میں چینی مین لینڈ پر اپنے قدم جمانے کے لئے 290 نئے سٹورز کا اضافہ کیا، جو عالمی سطح پر کھولے گئے 722 نئے سٹورز کا 40 فیصد ہے۔
اس سے چینی مین لینڈ پر سٹار بکس سٹورز کی کل تعداد 7596 ہوگئی ہے، جو دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت میں تمام کاؤنٹی سطح کی مارکیٹوں کا تقریباً ایک تہائی ہے۔
چوتھی سہ ماہی کے اختتام پر امریکہ اور چین میں قائم سٹورز کمپنی کے مجموعی عالمی حجم کا 61 فیصد تھے۔
حالیہ برسوں میں کاؤنٹی سطح کی منڈیاں چین میں کافی کی کھپت کے لئے پرکشش مقام بن گئی ہیں۔ فوڈ انڈسٹری کے تجزیہ کار ژو ڈان پھینگ کے مطابق سٹار بکس کی مسلسل توسیع چین کی کافی مارکیٹ میں اس کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔
سٹاربکس چین کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مولی لیو نے کہا ہے کہ کمپنی چینی مارکیٹ میں طویل مدتی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔
