چین نے الیکٹرک گاڑیوں پر یورپی یونین کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین نے یورپی کمیشن کی جانب سے چین کی تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے بدھ کو وزارت کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ چین نے بارہا نشاندہی کی ہے کہ چینی الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی مخالف تحقیقات غیر معقول، عدم مطابقت کے مسائل سے بھرپور اور ’منصفانہ مقابلہ بازی‘‘ کی آڑ میں ایک تحفظ پسندانہ اقدام ہے۔
چین نے پہلے ہی عالمی تجارتی تنظیم کے تنازعات کے تصفیہ کے فورم سے اس مسئلے کے حوالے سے اپیل کر رکھی ہے۔ چینی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین اب بھی چینی تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں کی قیمت کے وعدوں پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے تجارتی اختلافات کے حل کی حمایت کرتا ہے اور اس نے اس سلسلے میں بھرپور کوششیں کی ہیں۔
اس وقت فریقین کی تکنیکی ٹیمیں مشاورت کے نئے مرحلے میں مصروف ہیں۔
ترجمان کے مطابق امید ہے کہ یورپی فریق ’’عملیت پسندی اور توازن‘‘ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے چین کے ساتھ تعمیری کام کرے گا۔ ایک دوسرے کے اہم خدشات کا احساس کیا جائے گا اور تجارتی تنازعات میں اضافے سے بچنے کے لئے جلد از جلد قابل قبول حل تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔
