چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی ریاستی قونصلر اور وزیر عوامی تحفظ وانگ شیاؤہونگ اٹلی کے وزیر داخلہ میتھیو پیانتے دوسی سے مصافحہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چینی ریاستی قونصلر اور وزیر عوامی تحفظ وانگ شیاؤہونگ نے کہا ہے کہ چین منشیات کی روک تھام اور منظم بین الاقوامی جرائم پر قابو پانے کے لئے اٹلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ میتھیو پیانتے دوسی سے ملاقات میں انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سال چین۔اٹلی جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کے 20 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ چین دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اہم اتفاق رائے کے تحت روایتی دوستی کے فروغ کے لئے اٹلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ باہمی تزویراتی اعتماد میں اضافہ کیا جائے گا، تبادلوں کا نظام برقرار رکھا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
وانگ نے کہا کہ چین منشیات کی روک تھام، ٹیلی کام فراڈ اور منظم بین الاقوامی جرائم کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے اٹلی کے ساتھ عملی تعاون بڑھانے کو تیار ہے۔ اس کا مقصد ایک دوسرے کے قومی سلامتی کے مفادات کا موثر تحفظ اور اعلیٰ سطح پر دو طرفہ تعلقات کا فروغ ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ اٹلی سلامتی کے مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لئے چین کے ساتھ قانون کے نفاذ اور سکیورٹی تعاون میں اضافے کے لئے تیار ہے۔
