عوامی جمہوریہ کوریا کے اعلیٰ رہنما کم جونگ اُن راکٹ لانچر کے تجربے کا معائنہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
سیئول(شِنہوا)عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے اعلیٰ رہنما نے سٹریٹجک میزائل اڈوں کا معائنہ کرتے ہوئے ملک کی سٹریٹجک میزائل فورس سے کہا ہے کہ وہ امریکہ کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لئے چوکس رہے۔
سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے دورے کی مخصوص تاریخ کا ذکر کئے بغیر کہا کہ عوامی جمہوریہ کوریا کے ریاستی معاملات کے صدر کم جونگ اُن نے ریاستی سلامتی سے براہ راست منسلک سٹریٹجک صلاحیت کی تیاری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میزائل داغنے کے افعال، صلاحیتوں اور سٹریٹجک میزائل کے جنگی مقاصد کا جائزہ بھی لیا۔
کے سی این اے نے بتایا کہ کم جونگ اُن نے سٹریٹجک میزائل فورس کو’’بنیادی قوت‘‘ قرار دیا اور ترجیحاً تمام مسلح افواج کو سٹریٹجک میزائل فورس کے ذریعے تکنیکی طور پر جدید بنانے کی قومی دفاعی حکمت عملی کے اہم اصول پر زور دیا۔
کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ امریکہ کے سٹریٹجک جوہری ذرائع سے عوامی جمہوریہ کوریا کی سلامتی کو مسلسل شدید خطرہ لاحق ہے۔ اپنی جنگی صلاحیت میں مزید اضافہ اور جوہری مقابلے میں ایک سخت جوابی موقف اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
عوامی جمہوریہ کوریا کے رہنما نے سٹریٹجک میزائل اڈوں کو مزید جدید بنانے اور تمام اڈوں کو کسی بھی وقت اور کسی بھی صورتحال میں دشمن پر بھرپور جوابی سٹریٹجک حملے کے لئے مکمل طور پر مستعد بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
