بالی ووڈ اداکارہ کاجول نے سوشل میڈیا دور میں ٹرولنگ کو زندگی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب لوگ آپ سے پیار کرتے ہیں تو انہیں آپ سے نفرت کا حق بھی حاصل ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ کاجول نے کہاکہ میں شکرگزار ہوں کہ میری زندگی کا بیشتر حصہ سوشل میڈیا کے بغیر گزرا،6سال پہلے ہی سماجی رابطے کی دنیا میں قدم رکھا ہے، یہاں زندگی غیر حقیقی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں صبح 5 بجے اٹھ جاتی ہوں اور رات ساڑھے 11بجے تھک ہار کر گھر واپس لوٹتی ہوں، اگلے روز پھر سے کام شروع ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی میں بھی اچھے اور برے دن آتے ہیں، ہم بھی سب ہی کی طرح محنت کرتے ہیں لیکن جب پوسٹ سامنے آتی ہے تو ہم مسکراتے ہیں۔مداحوں کے کمنٹس کے سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ جب آپ سے لوگ بہت زیادہ پیار کرتے ہیں تو انہیں آپ سے نفرت کرنے کا بھی حق ہے، یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ صحیح ہیں لیکن ہمیں مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے اس سے نمٹنا ہوگا۔اداکارہ نے خود کو سست قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلمی گھرانے سے ہونے کے باوجود میری فلموں کی تعداد کم ہے۔انہوں نے کہا کہ میری والدہ اور دادی کہتی تھیں کہ کام آپ کی زندگی کا حصہ ہے لیکن آپ کی پوری زندگی نہیں ہے۔
