چین کے دارالحکومت بیجنگ کے بیجنگ ڈاشنگ بین الاقوامی ائیر پورٹ پر غیر ملکی سیاح کرنسی تبدیل کروارہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا)چین نے ویزے میں چھوٹ اور دیگرمتعلقہ پالیسیوں اور اقدامات کو مزید بہتر بنانے کا عزم کیا ہے تاکہ غیر ملکیوں کی چین آمد اور قیام کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے منگل کو روزمرہ پریس بریفنگ کے دوران غیر ملکی میڈیا کی جانب سے ان حالیہ تبصروں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ویزہ میں چھوٹ کی پالیسیوں اور ڈیجیٹل ادائیگی میں متعلقہ سہولت کاری کے اقدامات، دو زبانوں میں سہولیات اور ایکسپریس ٹرانسپورٹ سسٹم نے چین کا سفر غیر ملکیوں کے لیے زیادہ آسان بنادیا ہے۔
لین نے کہا کہ ہمیں سفر میں اضافہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اس سال کی تیسری سہ ماہی میں چین کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 81 لاکھ 86 ہزارتک پہنچ گئی ہے جو کہ گزشتہ سال کی نسبت48.8 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں سے ویزہ میں چھوٹ کی پالیسی کے ذریعے 48 لاکھ 85 ہزار افراد چین میں داخل ہوئے جو گزشتہ سال کی نسبت 78.6 فیصد اضافے کو ظاہر کر تا ہے۔
سہولت فراہم کرنے والے اقدامات کے سلسلے کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئےلین نے کہا کہ چین میں داخلے پر چیک اور معائنہ کے لیے غیر ملکی مسافروں کے انتظار کا وقت مزید کم کر دیا گیا ہے اور وہ سب وے لینے کے لیے اپنے بیرون ملک بینک کارڈز کو براہ راست استعمال کر سکتے ہیں۔ غیر ملکیوں کے لیے چین میں سفر، زندگی اور کام کو مزید خوشگوار بنا دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین کے دروازےآپ سب کے استقبال کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
