انڈونیشیا کے نومنتخب صدر پرابووو سوبیانتو (بائیں) جکارتہ میں جنرل الیکشن کمیشن کی عمارت میں اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ چین کے نائب صدر ہان ژینگ انڈونیشیا کی حکومت کی دعوت پر چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے 20 اکتوبر کو جکارتہ میں صدر پرابووو سوبیانتو کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے اور 19 سے 21 اکتوبر تک انڈونیشیا کا دورہ کریں گے۔
ترجمان ماؤننگ نے بتایا کہ برونائی حکومت کی دعوت پر نائب صدر ہان ژینگ 21 سے 23 اکتوبر تک برونائی کا دورہ بھی کریں گے۔
ماؤننگ نے یومیہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین اور انڈونیشیا گہری دوستی، قریبی اور مضبوط تعاون کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی کے تحت دوطرفہ تعلقات نے ترقی کی مضبوط رفتار کو برقرار رکھا ہے اور دوطرفہ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چینی صدر کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے ہان ژینگ انڈونیشیا کے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے اور انڈونیشیا کے رہنما کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
ماؤننگ نے مزید کہا کہ ہان ژینگ برونائی کے دورے کے موقع پر سلطان حاجی حسن البلقیہ معیز الدین الدولہ اور ولی عہد حاجی المحتدی باللہ سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس دورے کے ذریعے چین برونائی کے ساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
