اسلام آباد،چین کے وزیراعظم لی چھیانگ سے پاکستانی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آ ف ائیر اسٹاف ظہیراحمد بابر ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
اسلام آباد (شِنہوا) چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر ، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف اور چیف آ ف ائیر اسٹاف ظہیر احمد بابر سے ملاقات کی ہے۔
لی چھیانگ نے کہا چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام سے اب تک دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام اور تعاون کیا ہے۔ دونوں ممالک اچھے بھائی اور شراکت دار ہیں جو بدلتے عالمی منظرنامے میں ہر مشکل پر پورا اترے ہیں اور حقیقی معنوں میں خو شی و غم میں شر یک رہے اور ایک دوسرے کی مدد کی۔
لی چھیانگ نے کہا چینی صدر شی جن پھنگ اور پاکستانی رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی میں چین۔پاکستان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل چین۔پاکستان تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔
چینی وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، تزویراتی تعاون، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچانے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین متحد، مستحکم، خوشحال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں بھرپور حمایت کرتا ہے اور پاکستان کو اپنی صلاحیت کے مطابق حمایت اور معاونت فراہم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔
چینی وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی افواج باہمی تعاون کو مستحکم کرتی رہیں گی اور چین۔پاک دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی خاطر ایک دوسرے کو ٹھوس حمایت فراہم کریں گی۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کو مضبوط بنانے، علاقائی ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مربوط کرنے اور دونوں ممالک اور خطے کے امن و استحکام کو مشترکہ طور پر تحفظ فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر پاکستان کی عسکری قیادت نے کہا کہ پاک۔ چین دوستی کو مزید مضبوط کرنے پر پاکستانی معاشرے کے تمام شعبوں میں ایک مضبوط اتفاق رائے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مضبوط باہمی سیاسی اعتماد کے ساتھ اپنے اپنے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
عسکری قیادت نے کہا کہ پاک فوج دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعاون کے مقصد میں کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوطرفہ اور کثیر جہتی لائحہ عمل کے تحت دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
