اتوار, جولائی 27, 2025
بیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکچینی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کررہی ہیں، چیئرمین سینیٹ

چینی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کررہی ہیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد،چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔(شِنہوا)

اسلام آباد(شِنہوا)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی اور کاروباری منظرنامے کو تبدیل کرنے میں کردارادا کررہی ہیں۔

پاکستان میں چین کے ایوان تجارت کے زیراہتمام ” شاندار 11 سال۔ چینی  کمپنیوں نے پاکستان میں بجلی کے شعبے کو کس طرح نئی شکل دی ”اور   ” پاکستان میں چینی کمپنیوں کا بزنس کلائمیٹ انڈیکس ” کے عنوان سے 2 رپورٹس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چینی کمپنیاں روزگار کے مواقع  پیدا کرنے، مقامی پیداوار اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے ساتھ  پاکستان کی معیشت میں مثبت تعاون کررہی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دے کر علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور چین ان میں سرفہرست ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور چین کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارتی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں اور کاروباری افراد چینی کمپنیوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے علمبردار منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں دونوں ملکوں کے درمیان زراعت و صنعت کی ترقی، کان کنی، معدنیات، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ پائے گا جو کہ پاکستان میں سماجی اقتصادی ترقی کا با عث بنے گا۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ چین دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیارہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ چین  بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر اور پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے، سی پیک کو اپ گریڈ کرنے اور  مشترکہ طور پر ترقی کی راہداری، جدت سازی کی راہداری، ماحول دوست راہداری اور کھلی راہداری کی تعمیرکے لئے بھی تیار ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان عملی تعاون کے فروغ اور دونوں ملکوں کے عوام خاص طور پر ہمارے پاکستانی بہن بھائیوں کو زبردست فوائد پہنچانےکا خواہاں ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!