چینی وزیر خارجہ وانگ یی فن لینڈ کی ہم منصب ایلینا والٹونن سے مصافحہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین امید رکھتا ہے کہ فن لینڈ یورپی یونین پر زور دے گا کہ وہ اقتصادی اور تجارتی معاملات کو یاسی رنگ دینے سے گریز کرے، مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اختلافات حل کرے اور چین۔ یورپی یونین تعلقات کی مجموعی صورتحال کا دفاع کرے۔
چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب کا اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ چین کا سرکاری دورہ نہ صرف دوستی کا تسلسل ہے بلکہ تعاون کو وسعت دینے کا موقع بھی ہے۔
چینی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کو قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنی چاہئے، دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مضبوط بنانا چاہئے، عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنا اور چین۔فن لینڈ کے تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانا چاہئے۔
وانگ یی نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات عائد کرنا واضح طور پر ڈبلیو ٹی او کے قوانین اور آزاد تجارت کے اصول کی خلاف ورزی ہے، چین نے ہمیشہ اس بات پر یقین کیا ہے کہ عالمی سطح پر فائدہ مند اور جامع اقتصادی عالمگیریت تمام فریقوں کے مفاد میں ہے۔
اس موقع پر فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ فن لینڈ چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کیا جا سکے، کم کاربن، ماحول دوست توانائی اور گردشی معیشت جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جاسکے۔
فن لینڈ کی وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی یونین کے رکن کی حیثیت سے فن لینڈ کو امید ہے کہ یورپی یونین اور چین کے تعلقات تعمیری ترقی کو برقرار رکھیں گے۔
وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ چین یوکرین بحران جیسے بین الاقوامی سلگتے مسائل کو حل کرنے میں بڑا کردار ادا کرے گا۔
