لاہور: اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے کنارا کشی اختیار کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوبز ایک کمرشل دنیا ہے جہاں زیادہ تر لوگ صرف چمک دمک اور خود نمائی کے لیے آتے ہیں، یہ دنیا زیادہ تر خود پسند افراد کو اپنی طرف کھینچتی ہے، یہاں ایک دوسرے کی تعریفوں پر ہی سب کچھ چلتا ہے، جو میرے لیے ناقابلِ برداشت تھا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے بغیر کسی دکھاوے یا ڈرامے کے شوبز چھوڑا، میں نے انسٹاگرام پر جذباتی پوسٹس ڈال کر اعلان نہیں کیا بلکہ خاموشی سے اپنا راستہ بدل لیا۔
کومل عزیز کا کہنا تھا کہ انہیں شوبز کے چند سینئرز کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ یہ ایک جال ہے، جس میں داخل ہونے کے بعد کوئی نکل نہیں سکتا، تاہم وہ چار سال سے شوبز سے دور ہیں اور واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔




