چین کے پیداواری شعبے کی رفتار کو جولائی میں موسمیاتی عوامل کی وجہ سے معمولی سست روی کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس کی بنیادی ترقی کی رفتار مستحکم رہی۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے پیداواری شعبے کی رفتار کو جولائی میں موسمیاتی عوامل کی وجہ سے معمولی سست روی کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کی بنیادی ترقی کی رفتار مستحکم رہی، ابھرتی ہوئی صنعتوں نے پذیرائی حاصل کی اور کاروباری اعتماد میں بہتری جاری رہی۔
قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں پیداوار کنندگان کے لئے پرچیزنگ منیجر انڈیکس(پی ایم آئی) 49.3 رہا جو گزشتہ ماہ49.7 تھا۔
این بی ایس کے ایک سینئر ماہر شماریات ژاؤ چھنگ حہ نے کہا کہ کچھ علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب،زیادہ گرمی اور شدید موسمی حالات کی وجہ سے پیداواری صنعت کو سست روی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے زور دیا کہ مجموعی کمی کے باوجود متعدد ضمنی اشاریوں نے مثبت پیشرفت کی نشاندہی کی ہے۔اعلیٰ ٹیکنالوجی کا پی ایم آئی 50.6 رہا جبکہ آلات سازی کا پی ایم آئی 50.3 رہا۔ دونوں اشاریے توسیع اور سکڑاؤ کے درمیان فرق ظاہر کرنے والی حد سے اوپر برقرار ہیں۔
صنعتی رجحانات نےقابل ذکر بہتری دکھائی جیسا کہ متوقع کاروباری اشاریہ 52.6 تک پہنچ گیا جو جون میں 52 تھا۔گاڑیوں، ریلوے اور برقی سازوسامان کے شعبوں نے مضبوط پر امیدی دکھائی ہے، ان کے تمام متوقع اشاریے 55 سے تجاوز کرگئے۔
تجزیہ نگاروں نے نشاندہی کی ہے کہ بہتری کی جانب بڑھتے ہوئےاقتصادی رجحان کی وجہ سے پیداواری شعبے نے مستحکم رفتار دکھائی ہے۔ اعداد وشمار کےمطابق جون میں پیداواری منافع گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 1.4 فیصد زیادہ رہا،جو مئی میں 4.1 کی کمی کے بعد نمایاں بحالی ہے۔
