روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ کار ایکس نمائش فورم میں چینی کار برانڈ ڈونگ فینگ موٹر کی ایک گاڑی کی نمائش کی جارہی ہے- (شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)چینی کار ساز کمپنی ڈونگ فینگ نے مصر کی مارکیٹ میں 9 نئے ماڈل متعارف کرادیئے۔
تعارفی تقریب قاہرہ کے بین الاقوامی نمائش مرکز میں منعقد ہوئی جہاں مختلف گاڑیوں کی رونمائی کی گئی جن میں کمپیکٹ ایس یو وی میگ آئس، سیڈان شائن آئس اور کئی الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں شامل تھیں۔ ان میں ڈونگ فینگ باکس، ڈونگ فینگ 007، میگ ای وی، وویاہ فری، وویاہ ڈریم، وویاہ پیشن اور مہیرو 917 شامل ہیں۔
افریقی مارکیٹ کے لئے کمپنی کے جنرل منیجر لیاؤ چھِنگ لی نے کہا کہ یہ نئی گاڑیاں ڈونگ فینگ کی جدید انجینئرنگ، اختراعات اور ان کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ یہ گاڑیاں مصر کے صارفین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔
لیاؤ نے مزید کہا کہ کمپنی مصر میں ایک علاقائی دفتر اور گاڑیوں کے پرزہ جات کا گودام بھی قائم کرے گی۔
کمپنی کے مطابق ڈونگ فینگ کو گاڑیوں کی تیاری میں 50 سال سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے اور اس کا بین الاقوامی کاروبار ایشیا، افریقہ، جنوبی امریکہ اور یورپ کے 100 سے زائد ممالک اور خطوں تک پھیلا ہوا ہے۔
