بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں غیر ملکی طلبہ کے لئے چینی زبان کی مہارت کے مقابلے "چائنیز برج” کے 24 ویں ایڈیشن کے حتمی مرحلے میں بچے فن کا مظاہرہ پیش کررہے ہیں-(شِنہوا)
ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش میں غیر ملکی کالج طلبہ کے لئے چینی زبان کی مہارت کے مقابلے "چائنیز برج” کے 24 ویں ایڈیشن کا حتمی مرحلہ ڈھاکہ میں منعقد ہوا جہاں چین کے لئے نوجوانوں کا بھرپور جذبہ دیکھا گیا۔
چین کے سفارت خانے کی میزبانی میں نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب ڈھاکہ یونیورسٹی اور شانتو مریم-ہونگ حہ کنفیوشس کلاس روم کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
طلبہ میں چینی زبان سیکھنے اور چینی ثقافت کا تجربہ کرنے کا شوق پیدا کرنے کے لئے اس سال مقابلے کا ابتدائی راؤنڈ بنگلہ دیش میں منعقد کیا گیا۔ اس میں 60 سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرائی اور سخت مقابلے کے بعد 3 بنگلہ دیشی یونیورسٹیوں سے 10 طلبہ حتمی مرحلے میں پہنچے۔
حتمی مرحلے میں شرکاء نے "ایک دنیا، ایک خاندان” کے موضوع کے تحت کوئز شو، تقریری مقابلے اور ٹیلنٹ شو میں حصہ لیا۔ تقریری مقابلے میں شرکاء نے مارشل آرٹس اور کھانوں جیسے موضوعات پر چینی ثقافت سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور چین سے وابستہ اپنی ذاتی کہانیاں بیان کیں جس نے سامعین کے جذبات گرما دئیے۔
ٹیلنٹ شو کے دوران "کوائی بان” (روایتی قصہ گوئی کی قسم)، گوزینگ بجانا اور چینی خطاطی جیسے فن کے مظاہروں نے حاضرین کی بھرپور داد سمیٹی۔
آخر میں ڈھاکہ یونیورسٹی کے محمد بپی شیخ نے چیمپیئن شپ جیت لی۔ فائنل میں بپی نے گوزینگ کی دھن پر اپنی آواز میں چینی گانا پیش کیا۔ چینی زبان سیکھنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے بپی نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے کے ذریعے انہوں نے چینی ثقافت کی عظمت کو سمجھا اور چین-بنگلہ دیش دوستی کی گہرائی کو محسوس کیا۔
