برونائی ، بندرسری بگاوان کے برونائی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سی 909 طیارہ اتررہا ہے۔(شِنہوا)
شنگھائی (شِنہوا) چین کے مقامی ساختہ علاقائی مسافر طیارے سی 909 نے اپنی بین الاقوامی توسیع میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے ۔ لاؤ ایئرلائنز کو طیارے کی فراہمی شروع ہوچکی ہے جس سے یہ اس کا دوسرا غیر ملکی آپریٹر بن گیا ہے۔
90 نشستوں کے حامل اس سی 909 طیارے کی تمام نشستیں اکانومی کلاس کی ہیں جسے لیزنگ کے تحت مہیا کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ تجارتی پروازوں سے قبل اسے لاؤس میں تیاریوں کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔
طیارہ ساز کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ (سی او ایم اے سی) کے مطابق طیارے کے اندرونی اور بیرونی حصے پر لاؤ کی خصوصیات کو واضح کیا گیا ہے اور اسے ضرورت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ زیادہ درجہ حرارت پر بہترین کارکردگی کا حامل ہے اور مختصر و تنگ رن وے سے اڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خصوصیات اسے جنوب مشرقی ایشیا کے آپریشنل ماحول کو اپنانے کے قابل بناتی ہیں۔
سی او ایم اے سی نے لاؤ ایئرلائنز کو مختلف تیاریوں میں مدد دینے کے لئے ایک ٹیم وقف کی ہے جس میں مینوئل ترقی ، عملے کی تربیت ، پرزوں کی فراہمی اور دیکھ بھال کی صلاحیت شامل ہے۔
اس طیارے کا پرانا نام اے آر جے 21 تھا، سی 909 طیارہ 2 ہزار 225 سے 3 ہزار 700 کلومیٹر کی حدود میں پرواز کرنے والا ایک علاقائی مسافر طیارہ ہے جو اسے لاؤس میں زیادہ تر مقامی روٹ کے ساتھ ساتھ علاقائی بین الاقوامی پروازوں کے لئے موزوں بناتا ہے۔
سی او ایم اے سی اب تک سی 909 کے 162 طیارے فراہم کرچکی جو 158 شہروں میں 645 روٹس پر خدمات انجام دے رہیں ۔ ان طیاروں کے ذریعے 2 کروڑ سے زائد مسافر محفوظ سفرکرچکے ہیں۔
