اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلاسرائیل کی جانب سے رہا کئے گئے فلسطینی قیدی رملہ پہنچ گئے

اسرائیل کی جانب سے رہا کئے گئے فلسطینی قیدی رملہ پہنچ گئے

اوفر فوجی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا مغربی کنارے کے شہر رملہ پہنچنے پر استقبال کیاجارہا ہے-(شِنہوا)

رملہ/یروشلم(شِنہوا)اسرائیل کی جانب سے رہا کئے گئے فلسطینی قیدیوں کو لے جانے والی 2 بسیں گزشتہ روز مغربی کنارے کے علاقے رملہ پہنچ گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ان کے استقبال کے لئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، نعرے لگائے اور جشن میں جھنڈے لہرائے۔

رہائی پانے والے قیدیوں کے اہل خانہ بے چینی سے اپنے پیاروں کا انتظار کر رہے تھے اور جب وہ اپنے پیاروں سے دوبارہ ملے تو ان کی آنکھیں نم تھیں۔

ایک قیدی کی رشتہ دار سماح عابد نے رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازع پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی اور درد دونوں کا لمحہ ہے۔

ایک اسرائیلی سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی جنگ بندی اور حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت 110 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل کرلیا ہے جس کا اطلاق 19 جنوری سے ہوا تھا۔

بسوں کے ذریعے 66 فلسطینی قیدیوں کو مقبوضہ مغربی کنارے کی اوفر جیل سے رملہ اور 15 دیگر کو مشرقی یروشلم کے حراستی مرکز پہنچایا گیا جہاں سے انہیں رہا کردیا گیا۔ عہدیدار نے کہا کہ اسرائیلیوں کے خلاف حملوں میں ملوث 29 قیدیوں کو مصر اور دیگر ممالک میں جلاوطن کیا جائےگا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہائی پروفائل قیدی اور مغربی کنارے کے علاقے جنین میں فتح کی الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کے سابق کمانڈر زکریا زبیدی ایک بس پر فتح کا نشان بنا رہے ہیں۔ اسرائیل کے سرکاری ٹی وی نیوز نے خبر دی ہے کہ ان کی رہائی سے قبل اسرائیل کی مقامی سکیورٹی ایجنسی شین بیٹ نے انہیں متنبہ کیا تھا کہ اگر انہوں نے عسکریت پسند سرگرمیاں دوبارہ شروع کیں تو انہیں ‘مار’  دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی ہدایت پر ان کی رہائی میں تقریباً 3 گھنٹے کی تاخیر کی گئی تھی۔ اسرائیلی وزیراعظم حماس کی جانب سے غزہ میں 8 اسرائیلی یرغمالیوں میں سے کئی کی رہائی کے دوران ‘افراتفری’ والے مناظر پر برہم تھے۔

اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ہفتہ کے روز اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کا مزید تبادلہ متوقع ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!