چین کے مشرقی صوبہ ژے جیانگ کے شہر ننگ بو کی ننگ بو ژوشان بندرگاہ پرکنٹینرز دیکھے جا سکتےہیں۔(شِنہوا)
ہانگ ژو (شِنہوا) لیتھیم بیٹریوں اور ای کامرس کی اشیاء سے بھرے ہوئے 1 ہزار700سے زائدٹی ای یو کنٹینرز سے لدا ایک مال بردار سمندری جہاز چین کی مشرقی بندرگاہ ننگ بو سے جرمنی کے ولہیلم شاون روانہ ہوا جس کے ساتھ ہی "چین-یورپ ایکسپریس” بحری راستے کا آغاز ہوگیا۔
ژے جیانگ سی پورٹ لاجسٹکس گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین سن شوئےجون کے مطابق ننگ بو-ولہیلم شاون براہ راست روٹ سے نقل و حمل کا دورانیہ 26 دن تک رہ جائے گا اور متعدد اسٹاپ کے حامل راستے کی نسبت 12 دن کی بچت کرے گا۔
ولہیلم شاون پہنچنے کے بعد سامان کو شمالی یورپ اور بحیرہ بالٹک کے ساحلی علاقوں میں تقسیم اور منتقل کیا جا سکتا ہے اور زمین کے راستے فرانس اور بیلجیم سمیت مغربی یورپ تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وسطی اور مشرقی یورپ جیسے ہنگری، چیک جمہوریہ اور پولینڈ تک 30 دن کے اندر پہنچایا جا سکتا ہے۔
چین کی معروف بیٹری ساز کمپنی کنٹیمپریری ایمپرکس ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (سی اے ٹی ایل) کے سینئر منیجر ما چھوان لین نے کہا کہ ایکسپریس بحری راستے کا آغاز چینی لیتھیم بیٹری کمپنیوں کے لئے نقل و حمل کے وقت اور اخراجات کی بچت کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے جس سے سپلائی چین کی لچک بہتر ہوگی۔
سن کا کہنا تھا کہ یہ مال بردار بحری سروس مہینے میں ایک بار چلے گی اور ترسیل کی طلب کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
