منگل, دسمبر 2, 2025
انٹرنیشنلاقوام متحدہ کے سربراہ کا 2 ریاستی حل کی طرف مستقل پیشرفت...

اقوام متحدہ کے سربراہ کا 2 ریاستی حل کی طرف مستقل پیشرفت کے لئے اپیل کااعادہ

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی یوم یکجہتی کے موقع پر  ایک پیغام میں2 ریاستی حل کی طرف ناقابل واپسی پیشرفت کے لئے اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔

انتونیوگوتریس نے کہا کہ اس سال کا فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی یوم یکجہتی، جو ہر سال 29 نومبر کو منایا جاتا ہے، غزہ میں 2سالہ ہولناک مصائب اور انتہائی ضروری جنگ بندی کے آغاز کے بعد آیاہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ زندہ بچ جانے والے ہزاروں فلسطینی دوستوں اور خاندان کے افراد کی ہلاکت پر ماتم کر رہے ہیں، بھوک، بیماری اور صدمے عام ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے بشمول مشرقی بیت المقدس میں بھی ناانصافی جاری ہے اور سینکڑوں انسانی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ سانحہ کئی طریقوں سے ان اصولوں اور قوانین کا امتحان ہے جنہوں نے نسلوں تک بین الاقوامی برادری کی رہنمائی کی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اتنے شہریوں کا قتل، پوری آبادی کی بار بار بے دخلی اور انسانی امداد میں رکاوٹ کبھی بھی کسی بھی حالت میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔

گوتریس نے کہا کہ حالیہ جنگ بندی "امید کی ایک کرن” پیش کرتی ہے اور اب یہ انتہائی ضروری ہے کہ تمام فریقین اس کا مکمل احترام کریں اور نیک نیتی سے ایسے حل کی طرف کام کریں جو بین الاقوامی قانون کو بحال اور برقرار رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی بچانے والی انسانی امداد کو بڑے پیمانے پر غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جانی چاہئے اور بین الاقوامی برادری کو فلسطینیوں کے لئے اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی (یو این آر ڈبلیواے) کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہنا چاہئے۔

گوتریس نے کہا کہ میں فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے اور2 ریاستی حل کی طرف مستقل پیشرفت کے لئے دوبارہ اپیل کرتا ہوں تاکہ اسرائیل اور فلسطین اپنی محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں میں امن اور سلامتی کے ساتھ رہیں، 1967 سے پہلے کی حدود کی بنیاد پر اور بیت المقدس دونوں ریاستوں کا دارالحکومت ہو۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ آئیں ہم ان کے وقار، انصاف اور خودارادیت کے حقوق کے ساتھ یکجہتی کریں  اور سب کے پرامن مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں۔

1977 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ بین الاقوامی یومِ یکجہتی کے طور پر  منانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی دن 1947 میں جنرل اسمبلی نے فلسطین کی تقسیم پر قرارداد منظور کی تھی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!