گلبرگ ماڈل کالونی میں ورکشاپ مالک نے 12سالہ ملازم کو آگ لگا دی جس کے وہ جھلس کرزخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام موقع پر پہنچے اور زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس خان نے فرار ملزم بابر کو گرفتار کر کے زخمی بچے کے والد شاہ محمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ورکشاپ میں کام کرتے گاڑی کے کاربوریٹر میں موجود پیٹرول بچے پر گر گیا، ورکشاپ مالک کو بتانے پر اس نے ماچس کی تیلی جلا کر فیضان پر پھینکی، آگ لگنے سے بچہ جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔




