وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے، کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ترقیاتی منصوبے اب صرف لاہور نہیں، ہر پسماندہ علاقے تک پہنچ رہے ہیں، سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولت فراہم کریں گے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق گفتگو کی گئی اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنیوالوں سے سختی کیساتھ نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔
سپیکر نے کاروبار میں آسانی کیلئے ای بز متعارف کرانے پر وزیر اعلی کو خراج تحسین پیش کیا اور امن وامان کی بہتری پر عوام کی طرف سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کا ہر پسماندہ علاقہ بھی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلی نے پنجاب اسمبلی کے امور حکومت اور سب کو ساتھ لیکر چلانے کی پالیسی پر ملک احمد خان کو شاباش دی۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر بڑا پراجیکٹ چھوٹے شہروں سے شروع کر رہے ہیں، پنجاب میں کاروبار کا بہترین پوٹینشل موجود ہے، سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گی، صوبے میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




