اتوار, جولائی 27, 2025
بیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکبیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی کامیابیوں کا سفر انتہائی خوش آئند...

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی کامیابیوں کا سفر انتہائی خوش آئند رہا ہے، چینی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے چین کی گزشتہ 75 سالوں کی قابل ذکر کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا  ہےکہ چین نے 800 ملین سے زائد لوگوں کو غربت سے نکالا اور 2021 تک انتہائی غربت کا خاتمہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے بدھ کے روز  پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ  کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے 75 سال کی مناسبت "چائنا ایٹ 75: ترقی، تبدیلی اور عالمی قیادت کا سفر” کے عنوان سے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس   سے خطاب میں کیا۔

اس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مہمان خصوصی  کے طور پر شرکت کی ۔ اس کانفرنس  کے دیگر مقررین  میں   معروف ماہر اقتصادیات اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر عشرت حسین  اور  وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ شامل تھے۔

اس  کانفرنس  میں  جنوبی ایشیا کی بین الاقوامی نمائندگی  بھی شامل تھی جس میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما محبوب عالم، مالدیپ کے رکن پارلیمنٹ احمد طارق اور نیپال کی وفاقی پارلیمنٹ کے رکن اچیوٹ پرساد مینالی  شامل تھے۔

اس مو قع پر چینی سفیر  نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے کامیابی کے سفر کو انتہائی خوش آئند قرار دیا جس میں اب تک 150 سے زائد ممالک شامل ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے اس منصوبے  کو مشترکہ خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا ایک اہم مظہر  قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم پر مبنی سوچ نے چین کی ترقی اور اس  صدی میں اس  ملکی استحکام  کو کس طرح یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے حوالے سے چین کی تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے دہشت گرد حملوں کو ‘ناقابل قبول’ قرار دیا اور پاکستان کی حکومت سے درخواست کی کہ وہ ‘ دہشت گردی کے واقعات کے دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور یہ یقینی بنائے کہ ملزمان کی شناخت ہو، انہیں پکڑا جائے اور سزا دی جائے’۔

اس مو قع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کی بے مثال ترقی کی رفتار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا  چین کی تیز رفتار ترقی جدید تاریخ میں بے مثال ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے چین کے فعال کردار کو سراہا جس نے بیجنگ کو ایک آلودہ شہر سے صاف شہر میں تبدیل کیا جو کہ ایک دہائی سے بھی کم وقت میں ممکن ہوا۔

انہوں نے ون چائنا پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا  اور کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر ڈار نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تبدیلی کے اثرات پر زور دیتے ہوئے اسے چین کی جانب سے ایک ‘عظیم تحفہ’ قرار دیا۔ من گھڑت خبروں کے ذریعےسی پیک کو قرضوں کا جال  قرار دینے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے   سی پیک  کوپاکستان کی ترقی کا  ایک اہم ستون قرار دیا اور چین کو ‘عالمی اقتصادی سپر پاور’ کے طور پر ابھرنے پر مبارکباد دی۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے چین کے چند منفرد پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے  چینی قوم کے پُرامن عروج پر روشنی ڈالی جس میں کسی  بھی قسم کی جارحیت، قبضہ  یا نوآبادیات کے بغیر یہ ممکن بنایا گیا ہے اور اس سے چین کی 5000 سال پرانی تہذیب کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ تو محض لین دین پر مبنی ہیں اور نہ ہی عارضی ہیں  بلکہ یہ گہرے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی ہیں۔

چین کی حالیہ تاریخ پر تبصرہ کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین نے چین کے 75 سال کا خلاصہ 3آر’ایس کے طور پر کیا: انقلاب  چیئرمین ماؤ کے تحت، اصلاحات ڈینگ ژاؤپنگ کے تحت اور اب پُرامن عروج صدر شی جن پنگ کے تحت۔ چین کے عروج کے اسباب کا تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے قیادت کااعلیٰ معیار، پالیسی میں تسلسل، کورس میں تبدیلی کی منفرد صلاحیت، دوسروں سے سیکھنے کی صلاحیت اور پُرامن خارجہ پالیسی  کواہم اسباب قرار دیا۔ اس موقع پر  انہوں نےواشنگٹن، ڈی سی کے ایک امریکی تھنک ٹینک میں اپنے تجربے کا حوالہ دیا۔

جہاں سینیٹر مشاہد حسین سے پوچھا گیا: ‘آپ کس طرف ہیں، امریکہ یا چین؟’ جس پر انہوں نے جواب دیا: ‘پاکستان تاریخ کے صحیح رخ پر ہے اور موجودہ تاریخ کا رخ ایشیائی صدی سے متعین ہوتا ہے، جہاں چین ہمارا قابل اعتماد اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔’ انہوں نے اسحاق ڈار کے کردار کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لئے بائیڈن انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی فورمز پر آواز اٹھائی اور غزہ سے فلسطینی طلباء کو پاکستان میں تعلیم کے لئے مدعو کیا۔

محمد ضمیر اسدی
+ posts

سینئر صحافی و ایڈیٹر چائنہ ڈیسک انٹرنیوز پاکستان

محمد ضمیر اسدی
محمد ضمیر اسدی
سینئر صحافی و ایڈیٹر چائنہ ڈیسک انٹرنیوز پاکستان
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!