چین کے دارالحکومت بیجنگ میں وزارت تجارت کا بیرونی منظر-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی غلطی درست کرے اور چینی کمپنیوں پر بلا جواز دباؤ ڈالنے کا سلسلہ بند کرے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے یہ بات امریکی محکمہ تجارت کے اس اعلان سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہی جس کے تحت ایک نیا ضابطہ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس ضابطے کے تحت "اینٹٹی لسٹ” میں شامل کسی کمپنی کی ایسی ذیلی شاخیں بھی برآمدی پابندیوں کی زد میں آئیں گی جن میں اس کمپنی کا کم از کم 50 فیصد حصہ ہو۔
ترجمان نے کہا کہ یہ ضابطہ قومی سلامتی کے تصور کو حد سے زیادہ وسعت دینے اور برآمداتی کنٹرول کا غلط استعمال کرنے کی ایک اور مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ متاثرہ اداروں کے قانونی حقوق و مفادات کو شدید نقصان پہنچائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی اقتصادی و تجارتی نظام کو بری طرح متاثر کرے گا اور عالمی صنعتی و سپلائی چینز کے تحفظ اور استحکام کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور چینی کمپنیوں کے قانونی حقوق و مفادات کے بھرپور تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔
