لاہور/جھنگ/قصور: سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ، قصور، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر شہروں میں پاک فوج متاثرین سیلاب کو ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے، فیصل آباد کے متاثرہ دیہات میں پھنسے 14,050 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں گھرے افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قصور میں شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے جوان رات بھر متاثرین سیلاب کو کشیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کرتے رہے، پاک فوج کی جانب سے تاندلیانوالہ تحصیل میں سیلاب متاثرین کیلئے 5ریلیف کیمپس، 18میڈیکل کیمپس اور 6ریسکیو کیمپس قائم کیے ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پاک فوج نے ریسکیو 1122کیساتھ مل کر ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو ضروری طبی امداد اور مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سیلابی پانی کی فوری نکاسی کی سرگرمیاں بھی تیز کردی ہیں، آبادی کو بچانے کیلئے جھنگ اور فیصل آباد میں تین مقامات پر بند میں شگاف ڈالے گئے جس سے ایک تا ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی نیچے کی سمت منتقل ہوگیا ہے ۔
