اوٹاوا: اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے آغاز کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنیوالے ممالک کی تعداد بڑھنے لگی ،کینیڈا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور شروع کر دیا ۔کینیڈین میڈیا کے مطابق کینیڈا اس بات پر غور کر رہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے اور فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ مشروط ہونا چاہیے یا نہیں۔
ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔یہ رپورٹس وزیر اعظم کارنی کی اپنے برطانوی ہم منصب کیئر اسٹارمر سے محصور غزہ کی صورت حال اور فلسطین کو تسلیم کرنے کے برطانیہ کے بیان پر گفتگوکے فورا بعد سامنے آئیں۔واضح رہے گزشتہ ہفتے، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا تھا کہ پیرس ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران فلسطین کو تسلیم کرے گا۔ اس ہفتے، اسٹارمر نے بھی اسی موقف کو اپنایا اور کہا کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں قتل و غارت گری روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو ان کی حکومت اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو تسلیم کرے گی۔
