جمعرات, جولائی 31, 2025
انٹرٹینمنٹمیری 7 سالہ بیٹی کو ایک ہی دن میں دو بار دل...

میری 7 سالہ بیٹی کو ایک ہی دن میں دو بار دل کا دورہ پڑا، گلوکارہ عینی خالد

لاہور: گلوکارہ عینی خالد نے کہاہے کہ میری7سالہ بیٹی کو ایک ہی دن میں دو بار دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ کافی عرصے سے منظرِ عام سے غائب رہیں۔عینی خالد نے انسٹاگرام پر اپنی سات سالہ بیٹی عائشہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک طویل پیغام میں لکھا کہ عائشہ کے دل کی دھڑکن اچانک خراب ہو گئی اور جسم کو آکسیجن ملنا بند ہو گئی، جس کی وجہ سے اس کے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا، ڈاکٹروں کو اسے زندہ رکھنے کے لیے سانس اور خون کی روانی برقرار رکھنے والی مشینیں لگانا پڑیں، جب کہ گردے صاف کرنے کے لیے ڈائیلاسز بھی کیا گیا۔

گلوکارہ نے لکھا کہ وہ بیٹی کو مشینوں میں جکڑا دیکھ کر مسلسل روتی رہیں۔ ان کے ذہن میں وہ لمحے آتے رہے جب عائشہ خوشی سے گھر میں کھیلا کرتی تھی اور اب وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دماغ پر چوٹ لگنے کے باعث عائشہ کو ایک ایسی بیماری ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ اب زندگی بھر چل نہیں سکے گی۔

انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ 23 جنوری 2024 ایک ایسا دن ہے جو ان کی روح پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا ہے، میری بیٹی، جو بالکل صحت مند تھی، اسے صرف آٹھ گھنٹوں کے وقفے سے دل کے دو دورے پڑے۔ عینی خالد نے کہا کہ بیٹی نے موت سے لڑائی لڑی، لیکن انہوں نے کبھی امید اور ایمان کا دامن نہیں چھوڑا کیونکہ جہاں دوا ختم ہو جاتی ہے، وہاں اللہ کی رحمت شروع ہوتی ہے اور ان کی عائشہ اللہ کا معجزہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آج عائشہ زندہ ہے، مسکرا رہی ہے، ہنس رہی ہے اور آہستہ آہستہ صحتیاب ہو رہی ہے۔ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے منظر عام سے غائب تھیں کیونکہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزار رہی تھیں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!