امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچنے پر میرین ون سے اتر رہے ہیں-(شِنہوا)
واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس کو یوکرین کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لئے دی گئی 10 دن کی مہلت اب سے شروع ہے۔ یہ مہلت 2 ہفتے قبل اعلان کردہ ان کی 50 دن کی مدت سے کم ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکاٹ لینڈ کے دورے کے بعد واشنگٹن واپس جاتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ روس کے پاس آج سے 10 دن ہیں کہ وہ جنگ بندی کا معاہدہ کرے ورنہ ہم محصولات اور دیگر پابندیاں عائد کریں گے۔
14 جولائی کو امریکی صدر نے روس کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ 50 دنوں کے اندر یوکرین کے ساتھ جنگ بندی پر راضی نہ ہوا تو اسے "سخت محصولات” کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیر کو برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر سے ملاقات کے دوران ٹرمپ نے یہ آخری تاریخ "10 یا 12 دن” کر دی تھی کیونکہ وہ روس کی طرف سے مفاہمت کے فقدان کے باعث مایوس تھے۔
اس کے جواب میں کریملن نے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے بیان کانوٹس لے لیا ہے اور یوکرین میں ان کی خصوصی کارروائی جاری ہے۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ فوج کی خصوصی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یوکرین کے ساتھ تنازع کے حل کے لئے امن عمل کے پابند ہیں اور اس تصفیے کے دوران اپنے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گے۔
