چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے شہر کونمنگ میں لوگ 9 ویں چین-جنوب ایشیا نمائش دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
کولمبو(شِنہوا)سری لنکا کے تجارت، کامرس، تحفظ خوراک اور تعاون پر مبنی ترقی کے وزیر وسانتھا سمارا سنگھے نے کہا ہے کہ چین جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ ترقی کے نئے مواقع بانٹ رہا ہے اور باہمی فائدے پر مبنی نتائج حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
سمارا سنگھے نے چین کے جنوبی صوبے یون نان کے شہر کونمنگ میں منعقدہ 9 ویں چین-جنوبی ایشیا نمائش سے کولمبو واپسی کے بعد شِنہوا کو انٹرویو میں کہا کہ ایکسپو نے چین کی معاشی ترقی، سائنسی و ٹیکنالوجی پر مبنی اختراع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں کامیابیوں کو بھرپور طور پر پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کی نمائش میں مرکزی موضوعاتی ملک کے طور پر سری لنکا چین کے ساتھ تعاون کے ان مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چین کے ترقیاتی تجربات سے سیکھنے اور دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
سمارا سنگھے نے کہا کہ یہ 2005 کے بعد میرا چین کا آٹھواں دورہ تھا۔ ان 20 برسوں کے دوران چین کی معیشت، شہروں اور عوام کے معیار زندگی میں بہت بڑی تبدیلی اور نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نے اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کی وسعت کو مسلسل فروغ دیا ہے، جو عالمی معیشت میں استحکام اور اعتماد پیدا کرنے کا باعث بنا ہے۔ ان کے بقول جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کے لئے اتنے اہم ترقیاتی مواقع فراہم کرنے والا چین جیسا کوئی دوسرا ملک نہیں ہے۔
سمارا سنگھے نے خاص طور پر کولمبو میں ہونے والے چین-سری لنکا اقتصادی و تجارتی تعاون کی مشترکہ کمیٹی کے 8 ویں اجلاس کو اجاگر کیا جہاں دونوں فریقین نے صنعتی اور ترسیلی ذرائع میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانےکے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
