چین کے جنوبی گوانگ شی ژوانگ خود مختار علاقے کے شہر نان ننگ میں چین اور ویتنام کے عدالتی انتظامی حکام سرحدی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں-(شِنہوا)
نان ننگ(شِنہوا)چین اور ویتنام کے عدالتی انتظامی حکام نے تعاون کے فروغ کے لئے چین کے جنوبی گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقے کے دارالحکومت نان ننگ میں ایک سرحدی اجلاس منعقدکیا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس تھا جس میں دونوں ممالک سے تقریباً 150 افراد نے شرکت کی جن میں انصاف کے محکموں، مقامی عدالتی انتظامی اداروں اور قانون کے پیشےسے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
مذاکرات کے دوران فریقین نے سرحد پر شہری و تجارتی تنازعات کے حل کے لئے متنوع طریقہ کار اپنانے، قانونی خدمات میں تعاون بڑھانے اور اعلیٰ معیار کے قانونی ماہرین کی مشترکہ تربیت پر وسیع تر اتفاق کیا۔
چینی وزیر انصاف حہ رونگ نے کہا کہ دونوں ممالک قانون سازی، قانونی خدمات، عدالتی معاونت، تربیت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال جیسے شعبوں میں تبادلہ خیال اور عملی تعاون کو فروغ دیں گے۔
ویتنام کے وزیر انصاف نگوین ہائی نِن نے کہا کہ یہ اجلاس ایک پرامن اور دوستانہ سرحد کے قیام، دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مستقبل کے حامل ویتنام-چین برادری کی تعمیر کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔
شرکاء نے وکلاء کی خدمات، ثالثی، بین الاقوامی تعاون، شہری و تجارتی عدالتی معاونت اور قانونی صلاحیت کی ترقی جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
اجلاس کے دوران تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
