اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے جمہوریت، آزادی، رواداری ،سماجی و معاشی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کے تحفظ کی ضامن ہے، قانون ساز ادارے جمہوری اقدار کا دفاع کریں ،قومی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں۔
پارلیمان کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئین و جمہوری اقدار کی نگہبان ہوتی ہے اور قومی پالیسی سازی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی اور نگرانی کے ذریعے پارلیمان عوامی خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان اچھی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے اور جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے میں معاون ہے، میں پارلیمان کی ان کاوشوں کو سراہتا ہوں جو شفاف، جامع اور عوامی شراکت پر مبنی نظامِ حکمرانی کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا دفاع کریں اور قومی ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں۔
صدر نے کہا کہ پارلیمانِ پاکستان عوام کی فلاح، حقوق کے تحفظ اور احتساب کے نظام کو موثر بنانے کیلئے قانون سازی اور نگرانی کا عمل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت پروان چڑھے، ادارے مضبوط ہوں اور ہر شہری کی آواز سے سنی جائے۔
