ٹوکیو (شِنہوا) جاپان میں چینی سفارت خانے نے کہا ہے کہ اس نے ٹوکیو میں ڈکیتی کے پرتشدد واقعے کے بعد جاپانی پولیس کے ساتھ باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری حل کریں اور جاپان میں چینی باشندوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کریں۔
جاپانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹوکیو کے یوئنو ایریا کے قریب گزشتہ رات ایک چینی باشندے پر بظاہر مرچوں کے سپرے سے حملہ کیا گیا، متاثرہ شخص اور اس کے دیگر چار ساتھیوں سے سامان چھین لیا گیا۔ ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
چینی سفارت خانے نے اپنی ایڈوائزری میں چینی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فی الوقت جاپان کا سفر کرنے سے گریز کریں، جو چینی شہری پہلے سے جاپان میں موجود ہیں وہ امن وامان کی مقامی صورتحال کو مدنظر رکھیں، چوکس رہیں اور اپنے حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں۔
سفارت خانے نے چینی شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں اور ہنگامی حالات میں مدد کے لئے جاپان میں موجود چینی سفارتی مشنز سے رابطہ کریں۔




