انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کی آئیکونک پرفارمنس کی فہرست جاری کر دی جس میں پاکستان کے سابق آل رانڈر شاہد آفریدی کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاہد آفریدی کی شاندار آل رانڈر کارکردگی کو آئیکونک قرار دیا گیا، انہوں نے سیمی فائنل میں 51رنز بنانے کیساتھ 2 اہم وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو فائنل میں پہنچایا، فائنل میں بھی انہوں نے 40گیندوں پر 54رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔
فہرست کے مطابق 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے ایڈیشن میں یووراج سنگھ کے ایک اوور میں 6 چھکوں کو آئیکونک پرفارمنس قرار دیا گیا، 2010 کے ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے مائیک ہسی کی پاکستان کیخلاف 24 گیندوں پر 60رنز کی اننگز کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے 2012 کے ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کی 9رنز کے عوض 3وکٹوں کو آئیکونک پرفارمنس قرار دیا، اسی طرح 2014 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کی 5وکٹیں بھی فہرست کا حصہ بنیں۔
2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کارلوس بریتھویٹ کے فائنل میں لگائے گئے 4مسلسل چھکوں، 2021 کے ورلڈکپ فائنل میں مچل مارش کی 77رنز کی اننگز اور 2022 کے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے بین سٹوکس کی پاکستان کیخلاف 52رنز کی اننگز کو بھی آئیکونک پرفارمنس قرار دیا گیا۔
حالیہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ویرات کوہلی کی 76رنز کی شاندار اننگز کو بھی آئی سی سی نے آئیکونک پرفارمنس کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔




