یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی صدر کی جانب سے شدید سردی کے باعث ایک ہفتے کیلئے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں پر حملے نہ کرنے پر آمادگی ظاہر کرنے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ روس اپنے وعدے پر عمل کریگا۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ بیان شدید سرد موسم میں کیف اور دیگر شہروں کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے، اس معاملے پر ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں بات چیت بھی ہو چکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین نے عندیہ دیا ہے کہ اگر روس شہری علاقوں پر حملے روکتا ہے تو وہ بھی روسی تیل ریفائنریوں پر اپنے حملے عارضی طور پر معطل کر دیگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یوکرین، روس اور امریکا کے مذاکرات کاروں کے درمیان یو اے ای میں جنگ کے آغاز کے بعد پہلی سہ فریقی ملاقات ہوئی تھی جسے تعمیری قرار دیا گیا تھا۔




