واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ایرانی قیادت سے بات چیت ہو چکی ہے اور وہ مذاکرات جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا گزشتہ چند دنوں میں ایران سے کوئی گفتگو ہوئی ہے تو ٹرمپ نے کہا کہ میں نے بات کی ہے اور کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہوں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کن افراد سے بات کی۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت ہمارے بہت سے بڑے اور انتہائی طاقتور جہاز ایران کی طرف روانہ ہو رہے ہیں اور یہ بہت اچھا ہوگا اگر ہمیں انہیں استعمال نہ کرنا پڑے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں نے انہیں دو باتیں کہیں۔ پہلی، جوہری ہتھیار نہیں۔ اور دوسری، مظاہرین کو قتل کرنا بند کریں۔
ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا تھا کہ طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کی قیادت میں ایک ’’بہت بڑا بحری بیڑا‘‘ایران کی جانب روانہ ہو رہا ہے جو وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تہران کے لئے واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے کا “وقت ختم ہوتا جا رہا ہے۔




