چینی وزیر خارجہ وانگ یی چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ملاقات کی جس میں چین-ایران جامع تعاون کے منصوبے پر عملدرآمد کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وانگ نے کہا کہ 16 ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران دونوں سربراہان مملکت کے درمیان کامیاب ملاقات نے چین-ایران تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے تزویراتی رہنمائی فراہم کی۔
چین-ایران سدا بہار تعلقات اور دونوں قوموں کے درمیان روایتی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے وانگ نے کہا کہ چین اور ایران کے درمیان تعاون میں اضافہ نہ صرف دونوں قوموں کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ یہ علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
وانگ نے کہا کہ دونوں فریقین کو اپنے بنیادی مفادات سے متعلق مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنی چاہیے،عملی تعاون کو مستحکم طور پر آگے بڑھانا چاہیے اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے۔
اس موقع پر عراقچی نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کا فروغ اور اسے گہرا کرنا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے اور ایران عالمی امور میں انصاف کو برقرار رکھنے میں چین کے اہم کردار کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
