اتوار, جولائی 27, 2025
پاکستانفلسطینیوں کیلئے بھیجے جانیوالے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، شہباز...

فلسطینیوں کیلئے بھیجے جانیوالے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، شہباز شریف

وزیر اعظم شہبازشریف نے فلسطینی عوام کی آزادی،حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم،غزہ میں فوری و غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے فیصلہ کن کارروائی کرے،فلسطینیوں کیلئے بھیجے جانیوالے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔

فلسطینی عوام کیساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل،فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 7اکتوبر 2023ء کے بعد سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے ضمن میں یہ سال فلسطین کی تاریخ کا انتہائی تاریک سال رہا، تاریخ کے گھناؤنے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اسرائیل اب تک 43ہزار معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی جانب سے حملوں، منظم نسل کشی اور تشدد کی مہم کو بہادری سے برداشت کر رہے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے عالمی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے غزہ میں عالمی برادری کی جانب سے انسانی امداد کی کوششیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے محصور آبادی کے مصائب میں شدت آئی ہے۔

وزیر اعظم نے عالمی برادری سے فلسطین میں اسرائیلی مظالم فوری روکنے کیلئے فیصلہ کن کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں، ہسپتالوں، سکولوں اور انفراسٹرکچر پر حملوں کو روکا جائے، فلسطینیوں کیلئے بھیجے جانے والے امدادی قافلوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں ان سنگین جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی بے رحم خلاف ورزیوں کے لئے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے حوالے سے جو استثنیٰ دیا جا رہا ہے اسی بنیاد پر اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں مزید تباہی پھیلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کو فلسطینی پناہ گزینوں کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے کیلئے فنڈنگ اور تحفظ بارے عالمی برادری کی جانب سے سہولیات فراہم کی جانی چا ہئیں، ہم اسرائیل کی انروا کے اہم کام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی پرعزم طریقے سے حمایت جاری رکھیں گے جس کا اظہار عالمی عدالت انصاف نے بھی اپنی حالیہ مشاورتی رائے میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل چاہتا ہے جس میں ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ہواور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم امن، وقار اور حق خود ارادیت کے حصول کی جد و جہد میں فلسطینی عوام کیساتھ کھڑے رہیں گے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!