سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ سہولت کاری کیس میں گرفتار ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
بدھ کو کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب غیرملکیوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے، ملزمہ خودکش حملہ آور شاہ فہد کے حب سے کراچی میں داخلے کے وقت گاڑی میں ساتھ بیٹھی تھی۔
ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمہ کیخلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، ملزمہ کے کسی کالعدم تنظیم سے تعلق کے بھی شواہد نہیں ہیں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والی خاتون گل نسا نہیں ہے۔
پراسیکیوشن نے موقف اپنایا کہ کیس میں سہولت کاری کے الزام میں ملزم جاوید بھی گرفتار ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔



