چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ننگ بو میں چین۔وسطی ومشرقی یورپی ممالک کی نمائش(سی ای ای سی) کے احاطے کا منظر-(شِنہوا)
صوفیہ(شِنہوا)چین۔وسطی ومشرقی یورپی ممالک کی نمائش (سی ای ای سی) اور بین الاقوامی صارفین کے سامان کی نمائش کے فروغ کے لئے بلغاریہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش مئی 2025 میں چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ننگبو میں ہوگی۔
ننگبو کے ڈپٹی میئر شو یان نے کہا کہ یہ شہر ایک بین الاقوامی بندرگاہ اور چین کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع ایک کھلی راہداری ہے۔ یہ ثقافتی ورثے اور تجارت کی گہری روایت سے مالا مال ہے۔
بلغاریہ کے چھوٹی اور درمیانے درجے کی کاروباری کمپنیوں کے فروغ کے ادارے کے بین الاقوامی نمائش اور کانفرنسوں کے شعبے کے سربراہ کونسٹنٹین بوٹیو نے کہا کہ اگلی نمائش میں 20 سے 30 بلغارین کمپنیاں شریک ہوں گی۔ ان میں کاسمیٹکس اور کھانے پینے کی صنعتوں سمیت مختلف کمپنیاں شامل ہوں گی۔
بلغاریہ میں چینی سفارتخانے کے معاشی اور تجارتی قونصلر کونگ لِنگ یو نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دو طرفہ معاشی و تجارتی تعاون میں خاطر خواہ ترقی ہوئی ہے۔
2015 سے 2023 تک چین اور بلغاریہ کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب 79 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 22 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا۔ گزشتہ سال چین۔بلغاریہ زراعت اور خوراک کی تجارت میں پچھلے سال کی نسبت 37 فیصد اضافہ ہوا جس سے بلغاریہ وسطی اور مشرقی یورپ میں چین کا زرعی مصنوعات کی تجارت کا سب سے بڑا شراکت دار بن گیا۔
کونگ نے امید ظاہر کی کہ فریقین اپنے مواقع سے بھرپور مستفید ہوں گے،عملی تعاون کو فروغ دیں گے اور فائدہ مند تعاون حاصل کریں گے۔
صوفیہ سے تقریباً 70 کلومیٹر دور بلدیہ چیلوپیچ کے میئر الیکسی کیسیاکوف نے شِنہوا کو بتایا کہ ان کی بلدیہ اگلے سال ننگبو میں ہونے والی نمائش میں پہلی مرتبہ نمائش کنندہ کے طور پر شرکت کرنا چاہتی ہے۔
