چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چھانگ شا کے بین الاقوامی کنونشن اور نمائش مرکز میں حاضرین چوتھی چین-افریقہ معاشی و تجارتی نمائش دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
شیامن(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے شہر شیامن میں چین-افریقہ انٹرنیٹ ترقی و تعاون فورم کا آغاز ہوگیا جہاں چین نے ایک مشترکہ سائبر سپیس کمیونٹی کی تعمیر کے لئے عملی منصوبہ پیش کیا اور افریقہ میں کام کرنے والی چینی انٹرنیٹ کمپنیوں کے لئے ایک نیٹ ورک کا آغاز بھی کیا۔
یہ اقدام "سائبر سپیس میں مشترکہ مستقبل کی حامل چین-افریقہ برادری کی مشترکہ تعمیر کے لئے عملی منصوبہ (2025-2026)” کے عنوان سے متعارف کرایا گیا جس کا اعلان فورم کے افتتاحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ چین نے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل معیشت پر تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
فورم میں مختلف ذیلی اجلاس شامل تھے جن کے موضوعات میں ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنا، مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کا نظم و نسق، سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا نظم و نسق، میڈیا تعاون اور عوامی سطح پر روابط شامل تھے۔ فورم میں چین اور 32 افریقی ممالک سے تقریباً 400 سرکاری نمائندے، جامعات، تھنک ٹینکس اور میڈیا اداروں کے افراد نے شرکت کی۔
افریقی شرکاء نے اس اقدام کو سراہا اور فورم کو افریقہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کی ضروریات کے مطابق قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل معیشت، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا پروٹیکشن، مصنوعی ذہانت کا نظم ونسق اور میڈیا کے تبادلے کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون مزید گہرا ہوگا۔
یہ فورم سائبر سپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنہ اور فوجیان کی صوبائی حکومت کے اشتراک سے منعقد ہوا۔
