لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سیلابی صورتحال کے باعث عوام کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے، نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، متاثرین تک ہر صورت ان کا حق پہنچائینگے۔
جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کے خطرات کی زد میں آنیوالے علاقوں کے رہائشی فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونے کے ناطے شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کیساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے، متاثرین کو ان کا حق ہر صورت پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر متاثرہ شہری کیساتھ کھڑی ہے ،تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کو ترجیح دیں اور بلا تاخیر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوں۔
