بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ آئندہ ہفتے تیان آن مِن سکوائر میں ایک عظیم الشان فوجی پریڈ کی میزبانی کریں گے جس میں 26 ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ یہ پریڈ جاپانی جارحیت کے خلاف چین کی فتح اور فسطائیت کے خلاف عالمی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی جا رہی ہے۔
چینی معاون وزیر خارجہ ہونگ لے کی اعلان کردہ مہمانوں کی فہرست کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن اور عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے اعلیٰ ترین رہنما کم جونگ اُن مہمانوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔
ہونگ نے 3 ستمبر کو جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوامی کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف جنگ کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات کے بارے پریس کانفرنس میں کہا کہ کمبوڈیا، ویتنام، لاؤس، انڈونیشیا، ملائیشیا، منگولیا، پاکستان، بیلاروس، سربیا، ایران اور کیوبا کے رہنما بھی آئیں گے۔
ہونگ نے کہا کہ صدر پوتن کی شرکت نئے دور کے لئے چین-روس جامع تزویراتی شراکت داری کی اعلیٰ سطح کو ظاہر کرتی ہے اور دوسری جنگ عظیم کی فتح کے ثمرات کے تحفظ میں دونوں ممالک کی یکجہتی کو نمایاں کرتی ہے۔
جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی جنگ مزاحمت (1931-1945) فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں سب سے پہلے شروع ہوئی اور سب سے طویل رہی۔ 14 سال میں 3 کروڑ 50 لاکھ چینی شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔ جاپان نے 2 ستمبر 1945 کو ہتھیار ڈالنے کی دستاویز پر دستخط کئے۔
