بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ افریقہ کی ترقی میں تعاون کرنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور افریقہ کی خوشحالی کے فروغ اور چین افریقی عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ کے دوران کینیا کے ایک ماہر اقتصادیات کے افریقہ ۔ چین تعاون سے متعلق بیان پر ایک سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور نہیں ہیں اور افریقہ چین ۔ تعاون کا انحصار افریقہ کی ضروریات پر ہے۔ اس نقطہ نظر نے مغربی ممالک اور دیگر غیر علاقائی شراکت داروں کو بھی افریقہ کی ضروریات پر غور کرنے اور افریقی ممالک کے ساتھ مساوی شراکت داری قائم کرنے پر مجبور کیا ہے۔
ترجمان لین نے کہا کہ چین۔ افرایقہ تعاون کی جڑیں چینی اور افریقی عوام کے بنیادی مفادات سے جڑی ہیں جو ہمیشہ خلوص، حقیقی نتائج، ہم آہنگی اور نیک نیتی کے اصول پر مبنی وسیع تراچھے اور مشترکہ مفادات کے تحت رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی جدیدیت سے ہمیشہ افریقہ کی ترقی کو فروغ ملا۔ چین ہمیشہ افریقی عوام کی فلاح و بہبود اور ضروریات کے لئے پرعزم رہا ہے۔ وہ افریقہ کا احترام اور افریقی ممالک سے مساوی سلوک کرتا ہے۔ چین نے نہ تو کبھی اپنی مرضی مسلط کی اور نہ خود غرضی پر مبنی اقدامات کئے۔
ایک امریکی میگزین میں شائع شدہ ایک مضمون پر تبصرہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ چین عالمی جنوب کے حقیقی رکن کی حیثیت سے افریقہ اور عالمی جنوب کے دیگر شراکت داروں کی مدد کرنے کو پرعزم ہے تاکہ حقیقی معنوں میں ترقی اور احیاء کا ادراک کیا جاسکے۔
اس مضمون میں کہا گیا تھا کہ چین ترقی پذیر ممالک کو عوامی سامان فراہم کرکے عالمی جنوب کا دل جیت رہا ہے۔
لین نے کہا کہ چین دوسرے ممالک کو چین کی طرح کام کرنے، افریقہ پر زیادہ توجہ دینے ، سرمایہ کاری اور چین ۔ افریقہ تعاون کو کھلے ذہن سے دیکھنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین، افریقی ممالک کی خواہشات کے احترام کی بنیاد پر عالمی برادری کے ساتھ سہ فریقی اور کثیر الجماعتی تعاون کا خواہاں ہے تاکہ افریقہ کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ اور افریقی عوام کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔
