اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینریاستی و حکومتی سطح پر ہونیوالی معاشی دہشت گردی بند کر کے...

ریاستی و حکومتی سطح پر ہونیوالی معاشی دہشت گردی بند کر کے عوام کو حق دینا پڑے گا،حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ریاستی و حکومتی سطح پر ہونیوالی معاشی دہشت گردی بند کر کے عوام کو حق دینا پڑے گا،پیپلزپارٹی حکومتی عمل میں شامل،معاشی تباہی کی پوری طرح ذمہ دار ہے،پرانی پی ڈی ایم پھر سے زندہ کی جا رہی ہے، معاہدے کے 45 دن گزرنے کے بعد حکومت سے زور دار طریقے سے پوچھیں گے، شہبازشریف جان لیں حسینہ واجد کو تو ائیرلفٹ مل گئی تھی انہیں یہ بھی نہیں ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت سے معاہدے کو 21 روز ہوگئے ہیں 45 دن گزریں گے تو حکومت سے زوردار طریقے سے پوچھیں گے، ہم 21 دن بھی گھر نہیں بیٹھے، ہمارے دباؤ سے ایک صوبے کی حد تک ہی سہی 14 روپے یونٹ بجلی سستی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تاجرتنظیموں کو اکٹھا کرنے میں جماعت اسلامی نے اہم کردار ادا کیا، ہم نے عوام کو حق دو،خاندانی سیاست کے بارے میں شعور دیا ہے، کل تاریخی ہڑتال، یکجہتی کا مظاہرہ کیا،ہڑتال میں تمام لوگ اکٹھے تھے، کل پنجاب اور پورا سندھ بند تھا۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں کو کل پتہ چل گیا ہے، انہوں نے لوگوں کو آگے، پیچھے کرانے کی کوشش کی تھی مگر ناکام ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی و حکومتی سطح پر ہونیوالی معاشی دہشت گردی کو بند کر کے عوام کو حق دینا پڑے گا جو بجلی بن نہیں رہی، استعمال نہیں ہو رہی اس کی قیمت قوم چند لوگوں کو دے رہی ہے، مخصوص قسم کا طبقہ آئی پی پیز کے نام پر فائدہ حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اپنی آئی پی پیز کے پیسے تو ختم کریں، یہ اپنے پسندیدہ لوگوں کو سینکڑوںارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ دے رہے ہیں، 5 آئی پی پیز کے معاہدے پورے ہوچکے ہیں ان کو فارغ کریں، آپ اپنے لئے کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں تو چائنہ سے کیا بات کریں گے، چائنہ ہمارا دوست ہے، بات کرنے والے لوگ ہونے چاہئیں سب سے ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب لوگ معاہدوں پر آپس میں ملے ہوتے ہیں، یہ تنخواہ دار طبقے سے کہتے ہیں انکم ٹیکس دو، مگر آئی پی پیز کے مگرمچھ انکم ٹیکس دیتے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں آئی پی پیز کو فائدہ پہنچانے والی ہیں، یہ آئی پی پیز ہزاروں ارب روپے انکم ٹیکس کھا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ناگ بن کر بیٹھی ہوئی ہے،یہ حکومتی عمل میں شامل،معاشی تباہی کی پوری طرح ذمہ دار ہے،پرانی پی ڈی ایم پھر سے زندہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالات بنگلا دیش جیسے بنا دئیے ہیں تاہم ہم انتشار کی کوئی ایسی صورت نہیں چاہیں گے کہ حکومت کوعوامی ایشوزپر بھاگنے کا موقع مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو بتانا چاہتا ہوں حسینہ واجد کو تو ائیرلفٹ مل گئی تھی آپ کو یہ بھی نہیں ملے گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!