بدھ, جولائی 30, 2025
انٹرنیشنلتھائی لینڈ اور کمبوڈیا غیرمشروط جنگ بندی پر متفق

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا غیرمشروط جنگ بندی پر متفق

ملائیشیا کے شہر پتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم (درمیان)، کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیت (بائیں) اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم فم تھام ویچایاچائی (دائیں) ملاقات کے موقع پر مصافحہ کررہے ہیں-(شِنہوا)

پتراجایا، ملائیشیا(شِنہوا)ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے رہنماؤں نے جنگ بندی پر عملدرآمد پر اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعلان ایک خصوصی ملاقات کے بعد کیا۔

جنگ بندی کے مذاکرات کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیت اور تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم فم تھام ویچایاچائی کے درمیان ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی میزبانی میں پتراجایا میں وزیراعظم ہاؤس میں ہوئے۔ اس ملاقات میں ملائیشیا میں تعینات چین کے سفیر او یانگ یوجنگ نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔

جنگ بندی مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں انورابراہیم نے کشیدگی کم کرنے کے اقدامات اور ان پر عملدرآمد اور نگرانی کے لئے طریقہ کار کی تفصیل پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ اس بات پر متفق ہوگئے ہیں اور 28 جولائی 2025 کی رات مقامی وقت کے مطابق 12 بجے سے فوری اور بغیر کسی شرط کے جنگ بندی ہوگئی ہے۔ یہ قدم کشیدگی کم کرنے اور امن وسلامتی کی بحالی کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔

انور ابراہیم کے مطابق ابتدائی جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے علاقائی فوجی کمانڈروں کے درمیان براہ راست ملاقات ہوگی، جس کے بعد دونوں ممالک کے دفاعی اتاشیوں کا اجلاس ہوگا۔ اگر دونوں فریق رضامند ہوں تو یہ اجلاس آسیان کے چیئرمین کی سربراہی میں ہوگا۔ بعد ازاں 4 اگست کو جنرل بارڈر کمیٹی (جی بی سی) کا اجلاس کمبوڈیا کی میزبانی میں ہوگا۔

انور ابراہیم  نے کہا کہ  آسیان کے موجودہ چیئرمین کی حیثیت سے ملائیشیا ایک مبصر ٹیم کے قیام کے لئے تیار ہے جو جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کرے گی۔ ہم دیگر آسیان رکن ممالک سے بھی مشاورت کریں گے تاکہ وہ بھی اس امن عمل میں حصہ لے سکیں جو خطے میں امن کی کوششوں کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریق اس بات پر بھی متفق ہوگئے ہیں کہ دونوں وزرائے اعظم، وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان براہ راست رابطے دوبارہ شروع کئے جائیں گے۔

کمبوڈیا کے وزیراعظم ہن مانیت نے کہا کہ یہ کامیاب مذاکرات دونوں ممالک کے لاکھوں افراد کے لئے معمول کی زندگی کی جانب واپسی کے مواقع فراہم کریں گے اور اعتماد، بھروسے اور تعاون کی بحالی کا آغاز ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم فم تھام ویچایاچائی نے کہا کہ اس اجلاس کا نتیجہ تھائی لینڈ کی پرامن حل کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے، جو ملک کی خودمختاری اور عوام کی حفاظت کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ایسی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے جس پر دونوں فریق خلوص نیت سے عمل کریں گے۔

اس خصوصی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق ملائیشیا، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جنگ بندی کے نفاذ، نگرانی اور رپورٹنگ کے لئے ایک جامع نظام تیار کریں۔ یہ طریقہ کار مستقل امن اور جوابدہی کے لئے بنیاد فراہم کرے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!