چین کے روایتی ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے موقع پر 2025 نانچھنگ عالمی ڈریگن بوٹ مقابلے میں دنیا بھر سے 50 ٹیموں کے 1500 کھلاڑی شریک ہوئے ہیں۔ پاکستان کے عبدالسمیع بھی ان میں شامل تھے۔ عبدالسمیع سوژو یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم ہیں۔ وہ سال 2023 میں چین آئے تھے۔ نانچھنگ میں یہ دوسرا مقابلہ تھا جس میں انہوں نے شرکت کی ہے۔
ان کا سفر سوژو یونیورسٹی کی سال 2023 میں تعارفی ہفتے کی تقریب سے شروع ہوا تھا۔ اس تقریب کے دوران "بین الاقوامی کھلاڑیوں کی تلاش” کے حوالے سے ایک پوسٹر ان کی نظروں سے گزرا۔ چونکہ وہ کھیلوں کے دلدادہ تھے اس لئے فوراً یونیورسٹی کی ڈریگن بوٹ ٹیم کا حصہ بن گئے۔
سمیع کی لگن نے انہیں سال 2024 میں آنہوئی کے شہر ہوانگ شان تک پہنچا دیا جہاں اُن کی ٹیم نے پرسکون پانیوں میں سفید دیواروں اور سیاہ چھتوں والے روایتی گھروں کے درمیان چپو چلائے۔
سال 2025 کے آغاز میں وہ صوبہ ہیبے کی کَنگ باؤ کاؤنٹی بھی گئے۔ یہاں انہوں نے منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید سردی میں برفیلی ڈریگن بوٹ ریس میں حصہ لیا تھا۔ اس موقع پر وہ خصوصی ساخت کی حامل کشتیاں جمی ہوئی جھیلوں پر کھینچتے رہے۔
ساؤنڈ بائٹ: عبدالسمیع، بین الاقوامی طالبعلم، پاکستان
"ڈریگن بوٹ ریس صرف چپو چلانے کا کھیل نہیں ہے۔ یہ صرف اپنی محنت سے آگے بڑھنے کا نہیں بلکہ ٹیم کے ساتھ مل کر چلنے، ایک دوسرے پر اعتماد کرنے اور کبھی ہار نہ ماننے کا جذبہ ہے۔ اس دوران جو توانائی حاصل ہوتی ہے، وہ ایک انتہائی جوش سے بھرپور اور تھکا دینے والے ماحول میں حاصل ہوتی ہے خاص طور پر اُس وقت جب مجمع ہماری حوصلہ افزائی کر رہا ہوتا ہے۔
لوگ بڑی گرمجوشی سے ہمارا استقبال کر رہے تھے۔ اتنے بڑے اور اہم ایونٹ کا حصہ بننا واقعی ایک ناقابلِ بیان احساس تھا۔ جب ہم نے اختتامی لائن عبور کی اور یہ جانا کہ ہم نے یہ سب کچھ ایک ٹیم کی حیثیت سے حاصل کیا ہے، تو وہ لمحہ ایسا تھا جسے میں کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔
ایسی سرگرمی اور ایسا کھیل میری زندگی کا ایک یادگار تجربہ ہے، جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا۔”
سال 2009 میں میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول کو اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکو نے اپنی’’انسانی غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست‘‘ میں شامل کیا تھا۔ یوں یہ چین کا وہ پہلا تہوار ثابت ہوا جسے عالمی سطح پر یہ ثقافتی شناخت حاصل ہوئی۔
ڈریگن بوٹ ریسنگ، اس تہوار کی قدیم ترین اور ثقافتی طور پر اہم روایات میں سے ایک ہے،۔ یہ باہمی تعاون، ثابت قدمی ،امن، ترقی اور انصاف کے لئےانسانیت کی مشترکہ جدوجہد کی علامت ہے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link