وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو کرتار پور اور ننکانہ صاحب کو موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے نئی موٹروے کو گرو نانک ایکسپریس وے کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا۔
جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر مواصلات کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو موٹر ویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے نئی موٹروے کو گرو نانک ایکسپریس وے کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور ہائی وے کے گرد و پیش میں زائرین و سیاحوں کی سہولت کیلئے تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کئے جائینگے جبکہ موٹروے پر بہترین ریسٹ ایریاز اور عالمی معیار کے شاپنگ مالز کی تعمیر بھی یقینی بنائی جائے گی، سکھ کمیونٹی کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کیلئے لندن، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے گی، این ایچ اے ان منصوبوں کو عالمی روڈ شوز میں بھی پیش کرے گا تاکہ عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سے کرتار پور کی موٹروے نہ صرف سکھ زائرین کیلئے آسانی پیدا کرے گی بلکہ اس سے ملحقہ شہروں کے عوام کو بھی سماجی و معاشی فائدہ پہنچے گا، خاص طور پر نارنگ منڈی اور بدو ملہی کے شہری اس جدید سفری سہولت سے براہ راست مستفید ہوں گے اور علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔




