کولمبو (شِنہوا) سری لنکا میں 2026 کے ” نیا چینی سال مبارک” کے عنوان سے ثقافتی پروگراموں کی افتتاحی تقریب کولمبو کے نیلم پوکونا تھیٹر میں منعقد ہوئی جس کے ساتھ ہی نئے چینی سال سے قبل روایتی تقریبات کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
یہ تقریب چین کی وزارت ثقافت و سیاحت اور سری لنکا میں چینی سفارتخانے کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خاص طور پر چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے دالی بائی خودمختار پریفیکچر سے آئے ہوئے فنکاروں اور اداکاروں نے شرکت کی۔ فنکاروں کے اس گروپ نے حاضرین کو بائی قوم کی مستند ثقافتی جھلک پیش کی جس میں گانے، رقص اور روایتی سازوں پر موسیقی شامل تھی۔
اس تقریب میں تقریباً 1200 افراد نے شرکت کی جن میں سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر جگت وکرما رتنے، سری لنکا میں چین کے سفیر چھی ژین ہونگ، سری لنکن حکومت کے اعلیٰ حکام، سری لنکا میں مقیم چینی شہری اور مقامی لوگ شامل تھے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں نئے چینی سال کی تقریبات کے دوران چینی چائے مہمانوں کو پیش کرنےکے لئے رکھی گئی ہے-(شِنہوا)
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چھی ژین ہونگ نے کہا کہ 2026 گھوڑے کا سال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی ثقافت میں یہ جانور جدوجہد، وفاداری اور کامیابی کی علامت ہے جو کہ اس جذبہ امید اور محنت سے ہم آہنگ ہے جسے سری لنکا میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے نئے سال کے موقع پر چین اور سری لنکا دونوں کے لئے قومی ترقی کی کوششوں میں نئی اور بڑی کامیابیوں کی دعا کی۔
اپنی تقریر میں سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر جگت وکرما رتنے نے سری لنکا اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلوں کی طویل تاریخ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرفارمنس روایتی چینی تہوار کی خوشی اور اس کے گہرے ثقافتی معنی کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتی ہے۔
افتتاحی تقریب کے علاوہ ان ثقافتی پروگراموں کے تحت کولمبو بندرگاہی شہر، ہمبن ٹوٹا انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر اور کولمبو کے تاریخی گنگا رامایا مندر کے علاقے میں بھی فن کے مظاہرے، پریڈز اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔




