بھارت میں مہلک نبیا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز سامنے آنے کے بعد متعدد ایشیائی ممالک نے احتیاطی اقدامات بڑھا دئیے ہیں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ و نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خطے میں وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مختلف ممالک نے بھارت سے آنیوالے مسافروں کیلئے خصوصی چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے نبیا وائرس میں اموات کی شرح 40سے 70فیصد تک ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے نبیا کو ترجیحی خطرناک وائرس قرار دیتے ہوئے فوری تحقیق اور سخت نگرانی پر زور دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ نے بھارت سے آنیوالے مسافروں کیلئے ہوائی اڈوں پرسکریننگ کا آغاز کر دیا ہے جبکہ تائیوان کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول نے نبیا وائرس کو کیٹیگری 5 خطرہ قرار دیا ہے۔
برطانیہ، نیپال، تھائی لینڈ، تائیوان اور سری لنکا میں بھی بھارتی مسافروں کیلئے سکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب چین، میانمار، انڈونیشیا اور ویتنام نے بھی بھارت کے سفر سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں نبیا وائرس کی نگرانی کا نظام غیر مثر اور غیر مربوط ہے خاص طور پر دیہی و سرحدی علاقوں میں نگرانی کی کمی تشویشناک ہے۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نبیا وائرس کی موجودگی میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے بڑے عالمی ایونٹس کا انعقاد مختلف ممالک کے کھلاڑیوں اور عملے کیلئے خطرات بڑھا سکتا ہے۔




